ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رائچور، بیدر، کلبرگی اور باگلکوٹ سمیت شمالی کرناٹک میں موسلادھار بارش؛ کئی علاقے تالاب میں تبدیل؛ اگلے دودن بھی بھاری بارش کے امکانات

رائچور، بیدر، کلبرگی اور باگلکوٹ سمیت شمالی کرناٹک میں موسلادھار بارش؛ کئی علاقے تالاب میں تبدیل؛ اگلے دودن بھی بھاری بارش کے امکانات

Sun, 27 Jun 2021 18:10:30    S.O. News Service

بھٹکل   27 جون (ایس او نیوز)  شمالی  کرناٹکا کے  رائچور، باگلکوٹ، بیدر، کلبرگی اور یادگیر سمیت کئی علاقوں میں  سنیچر رات سے  مسلسل بارش سے کئی علاقے تالاب میں تبدیل ہونے کی خبریں موصول  ہوئی ہیں۔

میڈیا  رپورٹوں کے  مطابق سنیچر   رات سے جاری بارش اتوار کو بھی جاری ہے جس سے کئی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ رائچور سے ملی اطلاع کے مطابق ایک ہفتہ بعد پہلی بار  ضلع  کے مختلف علاقوں  میں  موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ کئی علاقوں میں ندیاں بھر گئی ہیں تو وہیں کئی رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے سے  کئی مکانوں کے اندر بھی پانی گھسنے کی خبریں ہیں جس سے لوگ سخت دشواریوں میں  مبتلا ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ   رات کو مسلسل  ہوئی  بارش سے نشیبی علاقوں کے لوگوں کو پوری رات    جاگ کر گذارنی پڑیں ہے۔

کئی اضلاع میں راستوں پر پانچ پانچ فٹ تک پانی جمع ہوجانے سے  سواریوں کی آمد ورفت بندہوگئی ہے جبکہ کئی علاقے تالاب  میں تبدیل ہوجانے سے کئی علاقوں میں لوگ گھروں میں ہی قید ہوگئے ہیں۔ کئی مکانوں کے اندر بھی تین تین فٹ تک پانی جمع ہوجانے سے  لوگ سخت پریشانی میں مبتلا ہوگئے   ہیں۔

خبر ملی ہے کہ آندھرا پردیش میں بھاری بارش ہونے کی وجہ سےایمگنور ندی بھرگئی جہاں سے پانی   بھاری مقدار میں   منترالیا  نامی شہر میں جمع ہونا شروع  ہوگیا، وہی پانی بعد میں کرناٹک کے رائچور میں   داخل ہوتے ہوئے راستوں   کو تالاب میں تبدیل کردیا۔ رپورٹوں کے مطابق  رائچور کا بس اسٹینڈ بھی تالاب  میں تبدیل ہوگیا ہےجبکہ رائچور کے مسکی میں بھی   کئی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے سے عام زندگی   بے حد متاثر ہوئی ہے۔

اس دوران  محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں تک زبردست بارش ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ  جون  30 تک اُترکنڑا، دکشن کنڑا اور اُڈپی میں زبردست بارش  ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ  بنگلور سمیت  چکمنگلور، کورگ، شموگہ، ہاسن وغیرہ اضلاع میں بھی  بھاری بارش ہونے کا انتباہ  دیا گیا ہے۔


Share: